Army Chief

اپنی آئینی حدود کوبخوبی جانتے، دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں: آرمی چیف

رسالپور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی پاسداری مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لیے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع ،عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اُتری ہے، آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی ، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔

آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سےنوازا اور پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا ،تقریب میں کیڈٹس نے شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں